ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شرتھ مڈیوال کے قاتل گرفتار نہ ہونے پر 8اگست کو بھوک ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

شرتھ مڈیوال کے قاتل گرفتار نہ ہونے پر 8اگست کو بھوک ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے

Sun, 06 Aug 2017 11:04:55    S.O. News Service

منگلورو، 5؍اگست (ایس او نیوز)بنٹوال تعلقہ میں پیدا ہونے والی فرقہ وارانہ کشیدگی کے نتیجے میں ایس ڈی پی آئی کے اشرف کلائی اورآر ایس ایس کے شرتھ مڈیوال کا قتل ہواتھا۔پولیس نے اشرف کے قاتلوں کو گرفتا ر کرلیا ہے، لیکن شرتھ کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔قتل کے ایک مہینے بعد بھی قاتلوں کاسراغ نہ ملنے پر اب نفرت اور الزام تراشی کی سیاست دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔

حالات کو گرمانے والا تازہ بیان ہندوہتھا رکھشنا سمیتی کی طرف سے آیا ہے۔ منگلورو میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی جے پی مونپّا بھنڈاری نے کہا کہ شرتھ قتل کے ایک مہینے بعد بھی ملزموں کا پکڑا نہ جانا دراصل ریاستی حکومت کی مکمل ناکامی ظاہرکرتا ہے۔پون راج اور چرنجیوی کے قاتلوں کوبھی اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔جبکہ جلیل کروپاڈی اور اشرف کلائی کے قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس پر سیاسی دباؤ ہے اس لئے وہ شرتھ کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کررہے ہیں، جو کہ لائق مذمت ہے۔چونکہ وزارت داخلہ کا قلمدان فی الحال وزیر اعلیٰ کے پاس ہے اس لئے شرتھ کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا جانا براہ راست وزیر اعلیٰ کی ناکامی ہے ۔

پومنّا نے اعلان کیاکہ تحقیقات میں تیزی لانے اور ملزمین کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہندو ہتھا رکھشنا سمیتی کی قیادت میں 8اگست کو منگلورو ڈی سی دفتر کے باہرصبح دس بجے سے شام چار بجے تک بھوک ہڑتال کی جائے گی۔اوراس کے ساتھ ہی بیک وقت اسی قسم کا احتجاج بیلتھنگڈی، سولیا، بنٹوال اور پتور تعلقہ آفس کے روبرو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ موڈبیدری بس اسٹانڈ پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔اس احتجاج کے بعد بھی اگر قاتل گرفتار نہیں کیے جاتے ہیں تو پھرمزید سخت احتجاج کی راہ اپنائی جائے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران وشوا ہندو پریشد لیڈر جگدیش شینوا،بی جے پی یووا مورچہ لیڈر سچن شیٹی اور بھوجنگا کولال وغیرہ موجود تھے۔


Share: